بنگلورو،13؍جون(ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی طرف سے یکم جولائی سے ملک بھر میں یکساں ٹیکس نظام جی ایس ٹی لاگو کیاجارہا ہے۔اس سے ریاست بھر میں محکمۂ کمرشیل ٹیکس کے تحت آنے والے 20چیک پوسٹ منسوخ ہوجائیں گے۔ یہ بات آج ریاستی اسمبلی میں وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بتائی۔وقفۂ سوالات میں بی جے پی رکن امیش کتی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی لاگو ہونے کے بعد ریاست کے 20 چیک پوسٹوں کا از سر نو کمپیوٹرائزیشن کیاجانا چاہے، اسی لئے یہ تمام از خود منسوخ ہوجائیں گے۔بلگام میں چار چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں۔ ان چیک پوسٹوں کو بھی بند کردیا جائے گا۔ بے روزگار نوجوانوں کو فروغ ہنر کی تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے ایک مخصوص محکمہ قائم کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ اس سے پانچ لاکھ سے زائد بے روزگار نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوشلیا کرناٹکا اندراج مہم شروع ہوچکی ہے، اس میں پانچ لاکھ سے زائد نوجوانوں نے اپنے نام کا اندراج کروایا ہے۔ہر سال پانچ لاکھ نوجوانوں کو اس اسکیم کے تحت روزگار مہیا کرانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ مختلف محکموں میں حکومت کی طرف سے جاری فروغ ہنر کے تمام پروگراموں کو اس محکمہ کے تحت لایا گیا ہے۔ رواں سال 1.6لاکھ نوجوانوں کو تربیت سے آراستہ کیا جارہاہے، بازار میں ان کی مانگ کی مناسبت سے تربیت دی جائے گی۔ اس اسکیم کیلئے 1330کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس میں مرکزی حکومت نے اپنا حصہ160کروڑ روپے مہیا کرادئے ہیں۔ آبائی پیشوں پر مشتمل فنون کے فروغ کیلئے بھی حکومت کی طرف سے ضروری قدم اٹھائے جارہے ہیں۔